داونگیرہ:29؍جنوری(ایس اؤ نیوز) ہرپنہلی اور چگٹیری پولس تھانہ حدود میں جعلی نوٹوں کے جال کا پردہ فاش کرتے ہوئے پولس نے 11ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کے پاس سے 3.66.200 لاکھ روپئےکے جعلی نوٹ ضبط کرلئے ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گرفتار شدگان کی شناخت ہرپن ہلی تعلقہ کے ہلوواگلو دیہات کے ہنومنتپا ، ارسنالو ہالیش، مڈیوالر منجپا، سنتوش چندرپا اور ارسنالو دیہات کے اُدئیے ، سنتوش، نیلگوند دیہات کے کرشنپا، ننگپا، وینکٹیش اور پُٹپا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ متور دیہات کا ناگن گوڈا نامی ملزم فرار بتایا گیا ہے۔ گرفتار شدگان سے 100،200اور 2ہزارروپئے کے جعلی نوٹ، دو کلر پرنٹرمشین سمیت نوٹ تیاری کے لئے استعمال کئے جانے والے دیگر اشیاء ضبط کرلئے گئے ہیں۔
ضلع کے پولس ایس پی ہنومنت رائے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمان کلر پرنٹر کے ذریعے ایکسل بانڈ پیپر کا استعمال کرتے ہوئے کلر زیراکس کرکے جاترے ،میلوں اور شراب کی دکانوں میں دیہی عوام کے ساتھ لین دین کیا کرتے تھے ۔ ایس پی نے بتایا کہ لولیشور دیہات میں جعلی نوٹوں کواستعمال کرنے کے دوران دیہی عوام نے ملزمان کا پتہ لگا کر پولس کو جانکاری دی تھی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار شدہ ملزمان میں سے نیل گوند دیہات کے پُٹپا پر 2013میں جعلی نوٹ استعمال کے متعلق بنگلورو شہری پولس تھانے میں معاملہ درج ہوا تھا، پولس کو شبہ ہے کہ تازہ معاملے میں بھی وہی کلیدی ملزم ہے ، ایس پی نے بتایا کہ اس تعلق سے مزید جانچ جاری ہے۔